دعا آزاد نظم کی صورت
اعوذ باللہ من الشیطٰن الرجیم
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
اے میرے معبود !
اے میرے مالک !
اے وہ جس کی توصیف سے وصف کرنے والوں کے توصیفی الفاظ قاصر ہیں
اے وہ جو امیدواروں کی امیدوں کا مرکز ہے
اے وہ جس کے ہاں نیکوکاروں کا اجر ضائع نہیں ہوتا
اے وہ جو عبادت گزاروں کے خوف کی منزل منتہا ہے
اے وہ جو پرہیزگاروں کے بیم و ہراس کی حدٍ آخر ہے
اے میرے معبود
یہ اس شخص کا موقف ہے جو گناہوں کے ہاتھوں میں کھیلتا ہے
جسے خطاؤں کی باگوں نے کھینچ لیا
ہے اور جس پر شیطان غالب آ گیا ہے
جو تیرے حکم سے لاپرواہ ہو رہا ہے
ادائے فرض میں کوتاہی کر رہا ہے
فریب خوردگی کی وجہ سے تیرے منہیات کا مرتکب ہو رہا
ہےایسے
جیسےخود کو تیرے قبضہ قدرت میں وہ سمجھتا ہی نہیں
مسلسل ہوئے جوفضل و احسان وہ مانتا ہی نہیں
مگراب اس پر تیرا ایک اور فضل ہوا
اس گنہگار کی چشم بصیرت وا ہوئی
کوری و بے بصری کے بادل چھٹ گئے
تو اس نےاپنے نفس پر کئے ہوئے اپنے ہی ظلموں کا جائزہ لیا
اپنے پروردگار کی موارد پر اپنی مخالفتوں کا ادراک کیا
اپنے بڑے گناہوں کو واقعی بڑا اور اپنی مخالفتوں کو حقیقتا عظیم
پایا
اے میرے معبود!
وہ شرمسار اس حالت میں بھی تجھ سےامیدوار ہے
تیری جانب متوجہ ہے کہ تجھ پر اسے اعتبار ہے
یقین و اطمینان کے ساتھ تیری طرف راغب ہے
اپنی خواہش و آرزو لئے تیری اقدس میں قصد ہے
دل میں تیرا بیشک خوف پر خلوص بے انتہاہے
وہ شرمسار تیری بارگاہ میں اس حالت میں ہے
جیسے
تیرے سوا اسے کسی سے غرض نہ تھی اور نہ ہے
تیرے سوا اسے کسی کا خوف نہ تھا اور نہ ہے
وہ عاجزانہ تیرے اقدس مبارک میں حاضر ہے
فروتنی سے اپنی آنکھیں زمین میں گاڑ لیں ہیں
تذلّل و انکسار سے تیری عظمت کے آگے سر جھکا لیا ہے
اے میرے معبود !
جنہیں تو سب سے بہتر جانتا ہے وہ سارے اپنے راز
ہاۓ درون پردہ عجزونیاز مندی سے تیرے آگے کھول دیۓ ہیں
اے میرے معبود!
جن کا تو اس سے زیادہ حساب رکھتا ہے وہ سارے اپنے گناہ عاجزی سے
ایک ایک کرکے بڑی تفصیل سےشمار کئے ہیں
پران بڑے گناہوں سے جو تیرے علم میں ہیں
وہ بڑے مہلک اور ان بد اعمالیوں سے ہیں
جو تیرے فیصلہ کے مطابق رسوا کن ہیں
ایک گنہگار تیری بارگاہ اقدس میں دادو فریاد کرتا ہے
ہائے ۔۔صد حیف ۔۔ وہ گناہ کہ جن کی لذت جاتی رہی ہےاور ان کا
وبال ہمیشہ کے لۓ باقی رہ گیا ہے
اے میرے معبود !
اگر تو اس پرعذاب کرے تو وہ تیرے عدل کا منکر نہیں ہوگا
اور اگر تو اس سے درگزر کرے ۔۔۔۔اور ۔۔۔۔ ترس کھائے
تو وہ تیرے عفو کو کوئی عیب اور بڑی بات نہیں سمجھے گااس لۓ کہ
تو وہ پروردگار کریم ہے
جس کے نزدیک بڑے سے بڑے گناہ کو بھی بخش دینا کوئی بڑی بات نہیں
اے میرے معبود !
میں تیری بارگاہ میں حاضر ہوں
تیرے حکم دعا کی اطاعت کرتے ہوئے اور تیرے وعدہ کا ایفا چاہتے
ہوئے کہ ” مجھ سے دعا مانگو تو میں تمہاری دعا قبول کروں گا ” حاضر ہوں
اے میرے خدا!
محمد اور ان کی آل پر بےشمار رحمت نازل فرما
ان کے صدقے اپنی مغفرت میرے شامل حال کر دے
جس طرح میں اقرار گناہ میں تیری طرف متوجہ ہوا ہوں
گناہوں سے مغلوب اس بندے کو سہارا دے کر اوپر اٹھادے
جس طرح میں نے اپنے نفس کو تیرے آگے خاک مذلّت پر ڈال دیا ہے
اے میرے معبود !
اپنے دامن رحمت سے میری پردہ پوشی فرما دے
جس طرح مجھ سے انتقام لینے میں توں نے صبر و حلم سے کام لیا ہے
اے اللہ !
اپنی اسی بردباری کے صدقے
اپنی اطاعت میں میری نیت کو استوار کر دے
اور عبادت میں میری بصیرت کو قوی کر دے
جو اعمال میرے گناہوں کے میل کو دھو ڈالیں
مجھے ان اعمال کے بجا لانے کی توفیق عطا کر دے
اے میرے معبود !
مجھے دنیا سے جب اٹھائے اپنے نبی محمد (ص) کے آئین پر اٹھانا
میں اپنے چھوٹے بڑے گناہوں پوشیدہ و آشکارا معصیتوں
گزشتہ و موجودہ لغزشوں سے توبہ کرتا ہوں
اس شخص کی طرح توبہ کرتا ہوں
جو دل میں معصیت کا نہ خیال کرے اور نہ گناہ کی طرف پلٹنے کا
تصوّر کرے
اے میرے خدا!
توں نے اپنی محکم کتاب میں فرمایا ہے کہ تو بندوں کی توبہ قبول
کرتا ہے
گناہوں کو معاف کرتا ہے اور توبہ کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے
سو آج میری میری توبہ قبول فرما جیسا کہ تو نے وعدہ کیا ہے
اور میرے گناہوں کو معاف کر دے جیسا کہ تو نے ذمہ لیا ہے
حسب قرارداد اپنی محبت کو میرے لۓ ضروری قرار دے
اے میرے پروردگار !
میں تجھ سے یہ اقرار کرتا ہوں تیری ناپسندیدہ باتوں کی طرف رخ
نہیں کروں گا
میں تجھ سے قول و قرار کرتا ہوں قابل مذمت چیزوں کی طرف رجوع نہ
کروں گا
میں تجھ سے یہ عہد کرتا ہوں کہ تیری تمام نافرمانیوں کو یکسر
چھوڑ دوں گا
میرے خدا!
تو میرے عمل و کردار سے خوب آگاہ ہے
جو بھی تو میری بابت جانتا ہے بس مجھے بخش دے
اپنی قدرت کاملہ سے پسندیدہ چیزوں کی طرف مجھے موڑ دے
اے اللہ !
میرے ذمہ کتنے ایسے حقوق ہیں جو مجھے یاد ہیں
اور کتنے ایسے ہیں جن پر نسیان کا پردہ پڑا ہوا ہے
لیکن
وہ سب کے سب تیری آنکھوں کے سامنے ہیں
ایسی آنکھیں جو خواب آلودہ نہیں ہوتیں
تیرے علم میں ہیں ایسا علم جس میں فروگذاشت نہیں ہوتی
اے میرے معبود !
جن لوگوں کا مجھ پر کوئی حق ہے
اس کا اس کا بوجھ مجھ سے برطرف اور اس کا بار ہلکا کر دے
اور مجھے پھر ویسے گناہوں کے ارتکاب سے محفوظ رکھنا
اے اللہ !
میں توبہ پر قائم نہیں رہ سکتا سو تمام عمر تیری ہی نگرانی
مانگتا ہوں
میں گناہوں سے باز نہیں آ سکتا سو تیری ہی قوت و توانائی مانگتا
ہوں
میرے معبود !
مجھے بے نیاز کرنے والی قوت سے تقویت دے
گناہوں سے روکنے والی نگرانی کا میرا ذمہ لے
اے اللہ !
میں تجھ سے پناہ مانگتا ہوں کہ میں اس جیسی نہ ہوں
جو توبہ شکنی کرنےوالے اور گناہ ومعصیت کی طرف دوبارہ پلٹنے
والے ہوں
اے اللہ
میری توبہ کو ایسی توبہ قرار دے کہ اس کے بعد پھر توبہ کی
احتیاج نہ رہے
جس سے گزشتہ گناہ محو ہو جائیں اور زندگی کے باقی دنوں میں
سلامتی کا سامان ہو جائے
اے اللہ !
میں اپنی جہالتوں سے عذر خواہ اور اپنی بد اعمالیوں سے بخشش کی
طلب گار ہوں
اپنے لطف و احسان سے مجھے پناہ گاہ رحمت میں جگہ دے
اوراپنے تفضل سے اپنی عافیت کے پردہ میں چھپا لے
اے اللہ !
میں توبہ کرتا ہوں ہر اس خلاف ورزی کی
جودل میں گزرنے والے خیالات میں تھی
آنکھ کے اشاروں اور زبان کی گفتگو میں تھی
جو تیرے ارادہ و رضا کے سرا سر خلاف تھی
تیری محبت و رحمت کی حدود سے باہر تھی
اے میرے معبود !
میں تیری بارگاہ میں ایسی توبہ کی امیدوار ہوں
جس سے میرا ہر ہر عضو اپنی جگہ پر تیری عقوبتوں سے بچا رہے
ان تکلیف دہ عذابوں سے جن سے سرکش خائف رہتے ہیں محفوظ رہے
اے معبود !
میں عالم تنہائی میں تیرے سامنے ہوں
خوف سے میرے دل کی دھڑکن تیز تر ہے
ہیبت سے میرے اعضاء میں تھرتھری ہے
اے پروردگار!
میری حالت پر رحم فرما
مجھے گناہوں نے تیری بارگاہ میں رسوائی کی منزل پر لا کھڑا کیا
ہے
اب اگر چپ رہوں تو میری طرف سے کوئی بولنے والا نہیں ہے
اور اگر کوئی وسیلہ لاؤں تو شفاعت کے لائق بھی نہیں ہوں
اے میرے اللہ !
محمد اور ان کی آل پر بے شمار رحمت نازل فرما
بس ان کے صدقے اپنے کرم و بخشش کو میری خطاؤں کا شفیع قرار دے
اپنے فضل سے میرے گناہوں کو بخش دے
جس سزا کی میں سزاوار ہوں وہ سزا نہ دے
اپنا دامن کرم مجھ پر پھیلا دے
اپنے پردہ عفوورحمت میں مجھے ڈھانپ لے
اور مجھ سے اس ذی اقتدار کا سا برتاؤ کر
جس کے آگے کوئی ذلیل گڑگڑائے تو وہ اس پر ترس کھائے
اس دولت مند کا ساجس سےکوئی محتاج لپٹے تو وہ سہارادے کر کھڑا
کر دے
اے میرے معبود !
مجھے تیرے عذاب سے کوئی پناہ دینے والا نہیں ہے
اب تیری قوت و توانائی ہی پناہ دے تو دے
تیرے یہاں کوئی میری سفارش کرنے والانہیں
اب تیرا فضل ہی سفارش کرے تو کرے
میں کیا کروں میرے گناہوں نے مجھے ہراساں کر دیا ہے
اب تیرا عفو و درگذر ہی مجھے مطمئن کرے تو کرے
میرے معبود !
جو کچھ میں تجھ سے کہہ رہا ہوں
اس لۓ نہیں کہ میں اپنی بداعمالیوں سے ناواقف ہوں
اس لۓ نہیں کہ میں اپنی بدکاریوں کو فراموش کر چکا ہوں
بلکہ اس لۓ پکار رہا ہوں ۔۔کہ ۔۔۔۔
تیرا آسمان اور جو اس میں رہتے سہتے ہیں
تیری زمین اور جو اس پر رہتے بستے ہیں
وہ سب میری توبہ کو سن لیں
وہ سب میری ندامت کو دیکھ لیں
شاید کہ کسی کو میری حالت زار پر رحم آجائے
شاید کہ کسی کا دل میری پریشان حالی پر پسیج جائے
شاید کہ کوئی میرے حق میں دعا کردے
تیری بارگاہ اقدس میں شنوائی ہو جائے
یا ایسی سفارش مجھے میسر ہوجائے
جو درخواست سے زیادہ موثر ہو جائے
اور
تیری رحمت مجھ گنہگارپر مہربان ہو جائے
تیرے غضب سے نجات کی سبیل ہو جائے
تیری خوشنودی کا پروانہ کفیل ہو جائے
اے اللہ !
اگر تیری بارگاہ میں ندامت و پشیمانی ہی توبہ ہے
تو میں پشیمان ہونے والوں میں سب سے زیادہ ہوں
اگر ترک معصیت ہی توبہ و انابت ہے
تو میں توبہ کرنے والوں میں اوّل درجہ پر ہوں
اگر طلب مغفرت گناہوں کو زائل کرنے کا سبب ہے
تو مغفرت کے طلبگاروں میں سے ایک میں بھی ہوں
اے میرے خدا !
تو نے ہی توبہ کا حکم دیا ہے اور قبول کرنے کا ذمہ لیا ہے
مجھے دعا پر آمادہ کیا ہے اور قبولیت کا وعدہ فرمایا ہے
اے رحمان و رحیم
رحمت نازل فرما محمد اور ان کی آل پر
اور ان کے صدقے میری توبہ کو قبول فرما
مجھے
اپنی رحمت سے ناامیدی کے ساتھ نہ پلٹا
تو ہم گنہگاروں کی توبہ قبول کرنے والا ہے
رجوع ہونے والے خطاکاروں پر رحم کرنے والا ہے
اے اللہ !
محمد اور ان کی آل پر بےشمار رحمت نازل فرما
جن کے وسیلہ سے تو نے ہماری ہدایت فرمائی ہے
جن کے ذریعہ ہمیں گمراہی کے بھنور سے نکالا ہے
اے میرے معبود!
محمد اور ان کی آل پر بےشمار رحمت فرما
ایسی رحمت
جو قیامت کے روز اور تجھ سے احتیاج کے دن ہماری سفارش کرے
اس لئے کہ
تو ہرچیز پر قدرت رکھتا ہے اور یہ امر تیرے لۓ سہل و آسان ہے











0 تبصرے:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔